محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے، مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے، وزیراعظم

محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے، مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے، وزیراعظم
کیپشن: محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے، مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگا سکتے، وزیراعظم
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا کہ ملک مکمل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا اور محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے کیونکہ ہم نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کوویڈ 19 کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں موجودہ کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے بنی گالہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی اور وزرائے اعلی سے آن لائن بات چیت کی۔ وزیراعظم نے ملک گیر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی اور ماسک کے استعمال کے لیے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انتظامی مشینری ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے متحرک ہو جائے کیونکہ کورونا وباء کی تیسری لہر خطرناک جس کے لئے بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔ مکمل لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے اور محدود پیمانے پر کاروبار جاری رکھیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ پہلی لہر کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور وقت ایک بار پھر قوم سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔

اجلاس کو ملک بھر میں جاری ویکسینیشن کے عمل اور خریداری پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن کے عمل میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا اور ملک بھر میں تمام ان ڈور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ پابندیوں کا اطلاق 8 فیصد سے زائد مثبت کیسز کے اضلاع اور شہروں میں ہو گا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سے آج 78 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 434 ہو گئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 67 ہزار 957 ہو گئی ہے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 757 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پنجاب میں 2 لاکھ 20 ہزار 392، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 443، خیبر پختونخوا میں 87 ہزار 55، بلوچستان میں 19 ہزار 557، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 24، اسلام آباد میں 57 ہزار 833 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 663 کیسز رپورٹ ہوئے۔