شوکت ترین نے حکومت کا حصہ بننے کیلئے نیب مقدمات ختم کرنے کی شرط رکھ دی، نجی ٹی وی کا دعویٰ

شوکت ترین نے حکومت کا حصہ بننے کیلئے نیب مقدمات ختم کرنے کی شرط رکھ دی، نجی ٹی وی کا دعویٰ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی احتساب بیورو (نیب) مقدمات ختم ہونے تک حکومتی عہدہ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پہلے بھی معاشی ٹیم میں شامل ہونے کی پیشکش ہوتی رہی ہے۔ 
نجی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ شوکت ترین کا موقف ہے کہ جب تک میرے خلاف نیب مقدمات کا فیصلہ نہیں ہو جاتا، حکومتی ٹیم میں شامل نہیں ہو سکتا، میرے خلاف مقدمات پر فیصلے آچکے ہیں جن پرنیب نے اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، ان اپیلوں کے ختم ہونے پر معاشی ٹیم میں شامل ہونے کا سوچ سکتا ہوں۔ 
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کو معاشی ٹیم پر شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں مشیر خزانہ یا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ دیگر میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ شوکت ترین نے ذمہ داری قبول کرنے کی حامی بھی بھر لی ہے مگر اس کیلئے 15 سے 20 دن کا وقت مانگا ہے تاکہ وہ اپنی مصروفیات نمٹا سکیں۔ 
ذرائع کاکہناہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر خزانہ رہنے والے شوکت ترین معاشی ٹیم کے اہم اجلاسوں میں شریک ہوتے رہے ہیں اور حکومت نے ان کے تجربے کو بروئے کار لانے کیلئے انہیں عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ انہیں سینیٹ الیکشن لڑانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔