بھارت میں زرعی قوانین سے تنگ ایک اورکسان نے خود کشی کرلی

بھارت میں زرعی قوانین سے تنگ ایک اورکسان نے خود کشی کرلی
سورس: file photo

کرناٹک ، بھارت میں زرعی قوانین ایک اور کسان کی جان لے گئے ۔ 45 سالہ مقروض کسان نے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں زرعی قوانین کیخلاف کسان تحریک زوروں پر ہے، اس دوران ایک 45 سالہ کسان نے اپنے قرض سے تنگ آکر موت کو گلے لگا لیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ  بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے تعلقہ شاہ پور میں ایک کسان نے قرض خواہوں سے تنگ آکر زہریلی دوا پی کر خودکشی کرلی۔

 45 سالہ کسان نے گزشتہ روز اپنے کھیت میں جاکر کیڑے مار جراثیم کش زہریلی دوا پی لی اور وہیں تڑپ کر جان دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسان نے کھیتی باڑی کے لیے مقامی بینک سے ساٹھ ہزار روپے، سوسائٹی سے 15000، خانگی فائنانس سے دو لاکھ پچاس ہزار روپے قرض لیے تھے۔

گذشتہ دو سال سے مسلسل فصلوں کے نقصانات کے سبب وہ اپنے قرض کی ادائیگی نہیں کر پارہا تھا اور قرض خواہ اس پر دباؤ ڈال رہے تھے۔

ان حالات سے مایوس ہوکر کسان نے خودکشی کرنے کا انتہائی اقدام اٹھالیا۔اس حوالے سے شاہ پور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ سال2019 میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے بعد کرناٹک میں کسان سب سے زیادہ خودکشی کرتے ہیں۔ سال2019 میں ریاست میں تقریبا 1992 کسانوں اور زرعی مزدوروں نے خودکشی کی تھی۔