ایف آئی اے نے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کر دئیے

ایف آئی اے نے چینی ڈیلرز کے اکاؤنٹس سمیت 424 اکاؤنٹس منجمد کر دئیے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو مجموعی طور پر 70 ارب روپے کے ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ مل گیا ہے جس کے بعد 40 بڑے چینی ڈیلرز کے اکاﺅنٹس سمیت 424 اکاﺅنٹس منجمد کر دئیے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چینی سٹہ بازوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے جسے 424 اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 70ارب کی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ مل ملنے کے بعد انہیں منجمد کر دیا گیا ہے جن میں ناصرف جعلی اور بے نامی اکاﺅنٹس بھی شامل ہیں بلکہ سٹہ باز مافیا کے رشتہ داروں کے اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ منجمد اکاﺅنٹس میں سٹے کی رقم بھی منتقل ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے اور ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک سٹہ بازی میں استعمال 75 فیصد اکاؤنٹس منجمد کئے گئے ہیں جبکہ مزید بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی ہورہی ہے اور شواہد ملنے پر انہیں بھی منجمد کر دیا جائے گا۔