مسلم لیگ (ن) کے تین ایم پی ایز نے پرویز الٰہی کو حمایت کی یقین دہانی کرا دی

مسلم لیگ (ن) کے تین ایم پی ایز نے پرویز الٰہی کو حمایت کی یقین دہانی کرا دی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تین ارکان پنجاب اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے مولانا غیاث الدین، فیصل نیازی اور اشرف انصاری نے پرویز الٰہی سے ملاقات کرکے انہیں اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءیونس انصاری،چیف وہپ عباس علی شاہ، ایم این اے حسین الٰہی اور صوبائی وزیرحافظ عماریاسر بھی موجود تھے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کی حمایت کا یقین دلانے والے لیگی ارکان کا کہناتھاکہ چوہدری پرویزالٰہی نے ہمیشہ شرافت اور وضع داری کی سیاست کی ہے ، (ن) لیگ کے مزید 16 ایم پی ایز ان کی حمایت کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کئے جانے کا گرین سگنل دئیے جانے کے بعد پرویز الٰہی خاصے متحرک ہو چکے ہیں۔ 
علیم خان گروپ کی جانب سے ان کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا گیا جس کے باعث انہوں نے فی الحال سپیکرشپ سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور مطلوبہ نمبر پورا کرنے کیلئے پنجاب میں ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی خاطر سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں اور اس ضمن میں کئی ملاقاتیں کی گئی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ بھی آج منظور ہونے کا امکان ہے۔ 

مصنف کے بارے میں