وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر خیبرپختونخواہ اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور: وزیراعظم پاکستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبرپختونخوا میں بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کابینہ کے قریبی ساتھیوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں اسمبلی تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاہم وہ اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مشورہ کریں گے اور حتمی فیصلہ بھی ان کی مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے کے اعلان کے بعد حکومت نے حکمت عملی تیار کرلی ہے اور پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے ملاقات کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ترجمان معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل نہیں کی جائے گی اور صوبائی حکومت اپنا کام کرتی رہے گی جبکہ صوبے کی ترقی کیلئے ترقیاتی منصوبے بھی جاری رہیں گے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے تیاری کی ہے تو ہم بھی مقابلے کیلئے تیار ہیں، خیبرپختونخوا حکومت کو دو تہائی اکثریت حاصل ہے، تحریک عدم اعتماد حکومت کو ہٹانے کا واحد راستہ ہے لیکن اپوزیشن کے پاس اکثریت نہیں تو وہ کیسے کامیاب بنائیں گے۔