وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے آج وزارت اعلیٰ چھوڑنے کا امکان

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے آج وزارت اعلیٰ چھوڑنے کا امکان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے آج وزارت اعلیٰ چھوڑے جانے کا امکان ہے جن کا استعفیٰ گورنر ہاؤس کو موصول ہو چکا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار عثمان بزدار آج ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں آخری تقریب میں شرکت کریں گے جس میں وقار النساءیونیورسٹی راولپنڈی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو لاہور مدعو کر لیا ہے اور عثمان بزدار وقار النساءیونیورسٹی کا نوٹیفکیشن شیخ رشید کے حوالے کریں گے۔
دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مائنس بزدار کی باتیں کرنے والوں کی گاڑی پرجھنڈا میرے دستخط سے لگا تھا، میں چاہتا توانہیں نکال سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حالات ہر لمحہ تبدیل ہورہے ہیں۔ موجودہ سیاسی بحران پرمیں نے وزیراعظم کو کہا کہ جو وہ فیصلہ کریں گے میں قبول کروں گا اور وزیراعظم نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں خود استعفیٰ نہ دیتا تواپنا حق ادا نہیں کرتا، مجھے کسی سے کوئی گلہ نہیں ہے خاموشی سے پردے کے پیچھے بیٹھ کرکام کرتا رہوں گا، خاتون اول کے منظورہونے کا تاثر درست نہیں۔ 
عثمان بزدار نے کہا کہ ساڑھے تین سال مسلسل کام کیا اورکوئی چھٹی نہیں کی اپنی کارکردگی کے حوالے سے میرا ٹارگٹ لوگوں کی خدمت تھا، میڈیا کے ذریعے اپنی باتیں اس طرح نہیں پہنچا سکے جیسے پہنچانا چاہئے تھیں۔ 

مصنف کے بارے میں