آئندہ 48 گھنٹے اہم، سیاست نیا رخ اختیار کر سکتی ہے: وزیر داخلہ

آئندہ 48 گھنٹے اہم، سیاست نیا رخ اختیار کر سکتی ہے: وزیر داخلہ

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں اور ابھی تک کوئی بات فائنل نہیں ہوئی ہے، قوم جمعہ یا ہفتہ رات 12 بجے تک انتظار کریں، سیاست ایک نیا رخ اختیار کر سکتی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں گہما گہمی ہے اور ابھی کوئی چیز فائنل نہیں ہوئی جبکہ آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں، قوم جمعہ اور ہفتے کی رات تک انتظار کرے، سیاست نیا رخ اختیار کرسکتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ حالات پر گہری نظر ہے اور سیاسی حالات کے مطابق فیصلہ کروں گا جبکہ آج تین بجے لاہور پہنچ کر میڈیا سے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کروں گا۔ 

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ رولز اور طریقہ کار کے مطابق گورنر وزیراعلیٰ کوبلا کر استعفے کی تصدیق کرتاہے اور تصدیق کے دو سے تین روز بعد استعفیٰ منظور ہوجاتا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کی جانب سے آج وزارت اعلیٰ چھوڑنے کا امکان ہے اور اس حوالے سے وہ آج ایوان وزیر اعلیٰ لاہور میں آخری تقریب میں شرکت کریں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان وزیراعلیٰ میں وقار النساءیونیورسٹی راولپنڈی کے سنگ بنیاد کی تقریب ہو گی جس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید بھی شرکت کریں گے اور یونیورسٹی کا نوٹیفکیشن ان کے حوالے کیا جائے گا۔ 

مصنف کے بارے میں