خانیوال کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بس الٹ گئی، 7 مسافر جاں بحق، 35 زخمی

خانیوال کے قریب موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بس الٹ گئی، 7 مسافر جاں بحق، 35 زخمی

خانیوال: لا ہور سے ملتان جانے والی مسافر بس موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے  میں  7 افراد  جاں بحق  اور 35 زخمی ہو گئے ،ہلاکتوں  میں اضافے کا خدشہ ہے  ، بس میں 42 سے زائد مسافر سوار تھے ۔

تفصیلات کے مطابق خانیوال قومی شاہراہ پر پل رانگو کے نزدیک لاھور سے ملتان جانے والی بس موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹ گئی جس کے نتیجے میں  7  موقع پر جاں بحق اور 35 زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

حادثہ اس قدر شدید تھا کہ ریسکیو آپریشن دوگھنٹے تک جاری رہا، ریسکیو اہلکار بس کی باڈی کاٹ کر زخمی مسافروں کو نکالتے رہے، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال اور نشتر ہسپتال ملتان شفٹ کردیا جن میں تین معصوم بچوں سمیت 7 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ،بس میں سوار ایک 6 ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا جسے خراش تک نہ آئی۔

بس میں 42 سے زائد مسافر سوار تھے، کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ٹراما سنٹر میں ڈاکٹرز سمیت تمام سٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا، ڈپٹی کمشنر نے حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع  پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔