ویرات کوہلی نے وسیم اکرم کو دنیا کا سب سے خطرناک باؤلر قرار دیدیا  

Virat Kohli called Wasim Akram the most dangerous bowler in the world
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی: انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کو دنیا کا خطرناک اور مشکل ترین باؤلر قرار دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے جاری ایک بیان میں ویرات کوہلی نے لیجنڈری وسیم اکرم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی گیند باز دنیا میں میرے لئے مشکلات پیدا کر سکتا تھا تو وہ کوئی اور نہیں صرف وسیم اکرم ہی ہیں۔

انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ویرات کوہلی نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران آئسولیشن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پروگرام بنایا کہ وہ لوگوں کے سوالات کا جواب دیں گے۔

ویرات کوہلی نے اپنے مداحوں سے کہا کہ میں اس وقت آئسولیشن میں ہوں، اس لئے اگر کوئی سوال مجھ سے پوچھنا چاہتے ہیں تو میں ان کا جواب دینے کیلئے حاضر ہوں۔

اس آفر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک مداح نے ویرات کوہلی سے پوچھا کہ ماضی کا ایسا کون سا باؤلر ہے جو آپ کے لیے کھیل کے دوران مشکلات پیدا کر سکتا تھا؟

اپنے مداح کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے انڈین کپتان نے وسیم اکرم کا نام لیا اور انھیں دنیا کا سب سے خطرناک گیند باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے وسیم اکرم کی باؤلنگ دیکھنے کا بہت شوق تھا، میں انھیں دیکھ کر اکثر یہ سوچتا تھا کہ اگر میرا ان سے سامنا ہوتا تو کس طرح ان کی گیندوں کو کھیل پاتا۔