ملکی سیاست کا محور نواز شریف، علاج مکمل ہوتے ہی واپس آ جائیں گے: شاہد خاقان عباسی  

Nawaz Sharif will return as soon as treatment is completed: Shahid Khaqan Abbasi
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی سیاست کا محور میاں نواز شریف ہیں، ان کا لندن میں علاج چل رہا ہے، وہ جیسے ہی صحتیاب ہونگے، ملک واپس آ جائیں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے وزیراعظم اور ان کے وزرا کو معشی حالات کا ادارک ہی نہیں ہے۔ ان کی جانب سے ہر جگہ یہی بیانات دیئے جاتے ہیں کہ حالات ٹھیک ہو رہے ہیں۔ اگر حالات ٹھیک ہوتے تو مہنگائی میں کمی آنی چاہیے تھی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنے مشیروں اور وزیروں سے پوچھیں کہ 2018ء میں جی ڈی کتنی تھی؟ گروتھ سے متعلق جھوٹ بولنے سے ملک نہیں چلے گا۔ ملک آئین اور قانون کی بالا دستی سے چلتا ہے۔ ڈاکے ڈالنے والے پرائیویٹ جہازوں سے ملک سے باہر جا رہے ہیں جبکہ ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی عددی برتری ہوگی، اس لئے بجٹ تو پاس ہو جائے گا۔ ملک میں میڈیا، مقننہ اور عدلیہ آزاد نہیں ہے جبکہ خارجہ امور، کشمیر پالیسی سے متعلق چیزیں بھی آزاد نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل 8 جماعتیں اپنا کام جاری رکھیں گی۔ تاہم سیاسی اتحاد اعتماد سے ہوتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کا پی ڈی ایم میں ایشو بند ہو چکا ہے۔ دونوں جماعتوں نے اپنا راستہ الگ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافی، سیاستدان اور ججز ملک میں کوئی آزاد نہیں ہے۔ صحافیوں کو گھروں میں گھس کر مارا جا رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ پارلیمان میں جو کچھ ہوتا ہے، پارلیمان کے اندر رہتا ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو نہیں کہا کہ پی ڈی ایم سے استعفیٰ دوں گا۔ تاہم پیپلز پارٹی کے راستے اب جدا ہیں۔