وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عراق کا دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ  

Foreign Minister Shah Mehmood Qureshi returns home after completing his visit to Iraq
کیپشن: فائل فوٹو

بغداد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، عراق کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہو گئے ہیں۔

بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان میں تعینات عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ، نے اس مختصر دورہ  عراق کے دوران عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

وزیر خارجہ نے عراقی صدر برہام صالح اور وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے ساتھ ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے پاکستانی قیادت کے عزم سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ، عراقی وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور گورنر کربلا سے بھی ملے۔

وزیر خارجہ نے ان ملاقاتوں میں تعلیم، صحت، توانائی، انفراسٹرکچر کی تعمیر، دو طرفہ سیاسی مشاورتی میکنزم کی تشکیل سمیت، باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے عراقی قیادت کو ہر سال زیارات کیلئے عراق آنے والے دو لاکھ سے زائد پاکستانی زائرین کی مشکلات کے ازالے اور انہیں ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات بالخصوص "زائرین مینجمنٹ پالیسی" سے آگاہ کیا۔

عراقی قیادت کے ساتھ دو طرفہ تجارتی، اقتصادی، سیاسی و دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

ان دو طرفہ ملاقاتوں میں مقبوضہ جموں وکشمیر، فلسطین اور خطے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ نے بغداد، نجف اور کربلا میں زیارات مقدسہ پر حاضری کا شرف حاصل کیا اور اتحاد امہ، پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور کورونا وبا سمیت آفات وبلیات سے خلاصی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔