کورونا سے بچاؤ کی مہم تیز، 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگانے کا فیصلہ  

Corona prevention campaign intensifies, decision to vaccinate people over 18 years of age
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک میں کورونا سے بچاؤ کی مہم کا عمل تیز کرتے ہوئے 18 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو 3 جون سے ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کی اطلاع این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کو آئندہ ماہ 3 جون سے کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 236 فی ملین آبادی ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح 92 فی ملین ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت میں کورونا اموات کی شرح آبادی کے تناسب سے وہی ہوتی جو پاکستان کی ہے تو بھارت میں 2 لاکھ اموات کم ہوتیں۔ اللہ کا شکر ادا کریں، حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور ویکسین لگوائیں۔

گزشتہ روز اپنی ایک اور ٹویٹ میں اسد عمر نے لکھا تھا کہ الحمدللہ گزشتہ روز ایک دن میں ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ کل 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد ویکسی نیشن کی گئی۔ اب تک 70 لاکھ سے ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ رجسٹر کرنے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ایک کروڑ 16 لاکھ 63 ہزار افراد رجسٹر ہو چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا زور کم ہوتا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے عوام سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے کہ اس عالمی وبا سے بچنے کیلئے وہ فوری طور پر ویکسین لگوائیں۔

دوسری جانب دیکھا گیا ہے کہ عام شہریوں میں بھی یہ احساس پیدا ہو چلا ہے کہ عالمی وبا سے بچنے اور عام زندگی میں واپس آنے کیلئے ویکسی نیشن بہت ضروری ہے، اس لئے وہ جوق در جوق حفاظتی ٹیکے لگوا رہے ہیں۔