بھارتی شہری نے کالی پھپھوندی کے شبے پر زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کرلیا

بھارتی شہری نے کالی پھپھوندی کے شبے پر زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کرلیا
سورس: file photo

نئی دہلی،بھارت میں بلیک فنگس کی بیماری کے شبہ پر ایک شخص نے زندگی کا خاتمہ کرلیا ،کروناکی وبا کے ساتھ بلیک فنگس کی تباہ کاریاں بھی جاری ہیں خودکشی کے رجحان میں اضافہ ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد کے علاقے پالدی میں اسی سالہ نرنجن شاہ نے محض بلیک فنگس کے شبہ پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔

مقامی پولیس نے واقعے کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اسی سالہ نرنجن شاہ کو لگ بھگ چار ماہ قبل کرونا انفیکشن ہوا تھا، تاہم وہ عالمی وبا کو شکست دینے میں کامیاب رہے، وہ ذیابیطس کے بھی مریض تھے۔

کرونا کو شکست دینے کے بعد انہیں شبہ ہوا کہ انہیں بلیک فنگس ہوگیا ہے او راسپتال میں اس کا علاج کرانا ممکن نہیں تھا،اسی خوف کے باعث انہوں نے چھت پر جاکر زہر پی لیا اور اپنی زندگی کا خاتمہ کرڈالا۔

پولیس کے مطابق خودکشی سے قبل نرنجن شاہ نے ایک خط بھی چھوڑا جس میں انہوں نے موت کو گلے لگانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بیماری کے خوف کی وجہ سے انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ روز بھی ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ میں پیش آیا تھا، جہاں میڈیکل اسٹور مالک 67 سالہ اوم سنگھ نے کرونا اور بلیک فنگس سے خوفزدہ ہوکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کی ایک اور قسم بلیک فنگس انتہائی خطرناک ہے، جس کے باعث بھارت میں روزانہ لاکھوں شہری متاثر اور ہزاروں سڑکوں و اسپتالوں میں تڑپ تڑپ کر ہلاک ہورہے ہیں۔