پی پی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا، ان کو اپنا راستہ مبارک ہو: شاہد خاقان عباسی

پی پی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا، ان کو اپنا راستہ مبارک ہو: شاہد خاقان عباسی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو چھوڑ دیا ہے ، ان کے راستے الگ ہیں ان کو اپنا راستہ مبارک ہو۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءشاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے کسی سے یہ نہیں کہا کہ پی ڈی ایم سے استعفیٰ دوں گا، پیپلزپارٹی اور اے این پی نے پی ڈی ایم کو چھوڑ دیا ہے، ان کے راستے اب علیحدہ ہیں، پی ڈی ایم کے فیصلوں پر عمل اور دفاع کرنا میرا کام ہے، آج بھی ملکی سیاست کامحور نواز شریف ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ گروتھ کی الٹی سیدھی باتیں کرنے سے ملک نہیں چلے گا بلکہ ملک آئین اور قانون کی بالادستی سے چلتا ہے، اس ملک میں انصاف کا عالم یہ ہے کہ ڈاکے ڈالنے والے آج پرائیویٹ جہازوں میں باہر جا رہے ہیں اور ملک کی خدمت کرنے والے عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ہر پاکستانی کی فی کس آمدن 2018ءکے مقابلے میں 20 فیصد کم ہو چکی، حکومت کاکوئی معاشی قدم ایسا نہیں جو ملک کو بہتری دے سکے، کیا ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہے؟کیا ہمارا ملک آزاد کہلا سکتا ہے؟