معروف اداکار،گلوکار ،فلمسازعنائت حسین بھٹی کو مداحوں سے بچھڑے 22 برس ہوگئے

معروف اداکار،گلوکار ،فلمسازعنائت حسین بھٹی کو مداحوں سے بچھڑے 22 برس ہوگئے
سورس: file photo

لاہور، پاکستان کے نامور اداکار ، گلوکار اورفلمساز عنایت حسین بھٹی کی آج بائیسویں برسی ہے۔ وہ 31 مئی 1999ء کو  71  برس کی عمر میں  انتقال کرگئے تھے ۔ان کی شاندار فلمیں آج بھی مداح فراموش نہیں کرپائے ۔ 

پاکستان کے معروف اداکار عنایت حسین بھٹی 1929ء میں گجرات میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے اپنا فلمی سفر بطور گلوکار شروع کیا۔ فلم ہیر اور پھیرے میں ان کی آواز نے شائقین کی توجّہ اپنی جانب مبذول کروالی۔ ان فلموں کے نغمات بے حد مقبول ہوئے۔

عنایت حسین بھٹی نے 500 فلموں کے لیے 2500 کے قریب گانے ریکارڈ کرائے اور 400 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں سے 40 میں شائقینِ سنیما نے انھیں ہیرو کے روپ میں دیکھا اور ان کی اداکاری کو سراہا۔

عنایت حسین بھٹی نے ذاتی پروڈکشن ہاؤس بھی قائم کیا تھا جس کے بینر تلے 50 فلمیں بنائیں۔ 1967ء میں انھوں نے ’’چن مکھناں‘‘ فلم بنائی تھی جس نے کام یابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ۔ اس کے بعد انھوں‌ نے فلم سجن پیارا، دنیا مطلب دی، عشق دیوانہ، سچا سودا سمیت کئی فلمیں بنائیں جو کام یاب رہیں۔