پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی تصدیق، اسپیکر قومی اسمبلی کا قانونی ماہرین سے رجوع

پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی تصدیق، اسپیکر قومی اسمبلی کا قانونی ماہرین سے رجوع

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این ایز کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنے سے متعلق قانونی ماہرین سے رائے طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے قانونی ماہرین سے مشاورت کی کہ استعفوں کی منظوری کا عمل کیسے شروع کیا جائے اور ایم این ایز کے ذاتی طور پر پیش نہ ہونے پر کیا حکمت عملی طے کی جائے۔تاہم لیگل ٹیم نے سپیکر آفس کو تین آپشنز فراہم کئے۔

پہلا آپشن یہ ہے کہ اگر ایم این ایز ایوان میں نہ آئیں تو استعفے منسوخ کر دیں، دوسرا آپشن یہ ہے کہ ایم این ایز کے ایوان میں نہ آنے پر استعفے منظور کیے جا سکتے ہیں جبکہ تیسرا آپشن ہے کہ اگر ایم این ایز ایوان میں نہ آئیں تو استعفوں کو روک دیا جائے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف جلد وزیراعظم سے مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی 6 جون سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنے والے ہیں۔جس کیلئے قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ نے اراکین کو نوٹس بھیجے ہیں، جس میں انہیں اسپیکر کے سامنے ذاتی طور پر پیش ہونے کو کہا گیا تاکہ وہ گواہی دے سکیں کہ انہوں نے اپنے استعفے رضاکارانہ طور پر جمع کرائے ہیں نہ کہ دباؤ میں یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔تاہم پی ٹی آئی نے اپنے اراکین قومی اسمبلی  کو نوٹس جاری کرنے کے بعد ایوان میں پیش نہ ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

مصنف کے بارے میں