ایران نے سعودی عرب کی جانب سے لگائے گئے الزامات مستردکردیئے

ایران نے سعودی عرب کی جانب سے لگائے گئے الزامات مستردکردیئے

تہران:ایران کی مشرق وسطی میں جنگ کی سازش کا انکشاف،ایرانی حکومت نے ان سعودی الزامات کو مسترد کر دیا ہے، جن کے مطابق تہران حکومت یمن کی حوثی ملیشیا کی مدد کر رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان میں سعودی وزیر خارجہ کے ان الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا جن کے مطابق ایران یمن میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں کی راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات کی پرزور انداز میں مذمت کی ۔بہرام قاسمی کے مطابق ایران نے یمن میں جاری جارحیت کی اولین دن سے مذمت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ تہران حکومت کے مطابق وہ ایسی تمام کوششوں کی حمایت کرتی ہے جو یمن میں جنگی صورت حال کے خاتمے اور امن کے قیام سے متعلق ہیں۔ 

ایران کا یہ بھی کہنا تھا کہ یمن کی جنگ خطے کے عدم استحکام کا سبب بن رہی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ سعودی حکومت کی جانب سے ایسے بیانات کے تسلسل سے اس حلقے کی احساسِ ذمہ داری میں کمی واقع نہیں ہوتی جو روزانہ کی بنیاد پر گھناونے جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

گھناونے جرائم کے زمرے میں ایرانی حکومت نے بمباری کے ذریعے عام انسانوں کا قتل عام، اسکولوں، مارکیٹوں اور ہسپتالوں کی عمارتوں کی تباہی و بربادی کو شامل کیا ہے۔