پاکستان کی تاریخ میں پہلے ہندو وائس چانسلر کی سرکاری جامعہ میں تقرری

پاکستان کی تاریخ میں پہلے ہندو وائس چانسلر کی سرکاری جامعہ میں تقرری

کراچی: ملک کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری جامعہ کا وائس چانسلر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پروفیسر کو مقرر کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پروفیسر ڈاکٹر بیکھا رام دیو راجانی کو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز جامشورو کا وائس چانسلر منتخب کر دیا ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلی نے سمری 10 ستمبر کو گورنر سندھ کو ارسال کی اور گزشتہ روز 30 اکتوبر بروز پیر کو گورنر ہاؤس کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر بیکھا رام دیو راجانی ادویات کے شعبے کے پروفیسر ہیں۔ قبل ازیں کمیٹی نے 3 امیدوارں ڈاکٹر رزاق شیخ، ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی اور ڈاکٹر اکبر نظامانی کے نام وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے تینوں امیدواروں کے انٹرویو کرنے کے بعد ڈاکٹر بیکھا رام دیو راجانی کا بطور وائس چانسلر انتخاب کیا۔

سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر ڈاکٹر نوشاد شیخ جو 8 سال سے زائد عرصے تک لمس کے وائس چانسلر رہے وہ اب واپس ڈاو میڈیکل یونیورسٹی میں بطور پروفیسر فرائض سنبھال لیں گے۔

ڈاکٹر نوشاد شیخ کی دوسری مدت رواں سال 2جولائی کو مکمل ہوگئی تھی تاہم سیکرٹری بورڈ و جامعات اور تلاش کمیٹی وقت پر نہ تو وائس چانسلر کی تلاش کا اشتہار دے سکی اور نہ ہی انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کرسکی تھی جس کے بعد گورنر سندھ نے ڈاکٹر نوشاد شیخ کی نئے وائس چانسلر کی تقرری تک انہیں بطور وائس چانسلر کام کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ڈاکٹر بیکھا رام دیوراجانی نے کہا کہ میری پہلی ترجیح لوگوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی ہوگی۔ آگاہی مہم بھی چلائوں گا اور بتائوں گا کہ لوگوں کو اپنی غذا میں کیا استعمال اور صحت مندانہ زندگی کیسے گزارنے چاہیے کیوں کہ اس سے 70 فیصد بیماریوں سے محفوظ ہوجائینگے اور پرہیز علاج سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہاکہ وہ غریب مریضوں کیلئے بہتر طبی سہولتوں کی فراہم کیلئے اقدامات کریں گے، کیوں کہ انکا تعلق بھی تھرپارکر کے علاقے چھاچھرو کے گائوں گنجیو سے ہے اور وہ بھی انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور انہیں غریب کے گزر بسر کا بہتر اندازاہ ہے۔ ڈاکٹر بیکھارام نے اعلان کیا کہ بلاول میڈیکل کالج کا قیام بھی ان کی ترجیح ہوگی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں