آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ، فواد چوہدری اور اعظم سواتی سپریم کورٹ میں طلب

 آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ، فواد چوہدری اور اعظم سواتی سپریم کورٹ میں طلب
کیپشن: کیا اس طرح بیان دیا جاتا ہے ایسا ہم سوچ بھی نہیں سکتے، چیف جسٹس۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد جان محمد کے تبادلے پر از خود نوٹس کی سماعت کے دوران غیر ذمہ دارانہ بیان پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر اعظم سواتی کو طلب کر لیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراطلاعات نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ کیا اس طرح بیان دیا جاتا ہے ایسا ہم سوچ بھی نہیں سکتے اور غیر ذمہ داری کی بھی حد ہوتی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم چیف ایگزیکٹو ہے اور کیوں نہ فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو بھی طلب کر لیں۔عدالت نے سماعت میں وقفہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کو اچانک عہدے سے ہٹانے پر از خود نوٹس لیا تھا۔

جس کے بارے میں عام تاثر ہے کہ انہیں وفاقی وزیر اعظم سواتی کا فون نہ اٹھانے پر عہدے سے ہٹایا گیا تاہم حکومت کی جانب سے اس کی تردید کی جاتی رہی ہے۔