تیزگام میں حادثہ ریلوے کی نہیں مسافروں کی غلطی ہے: شیخ رشید

تیزگام میں حادثہ ریلوے کی نہیں مسافروں کی غلطی ہے: شیخ رشید
کیپشن: مسافر ٹرین میں سلینڈر کیسے لے کر پہنچے اس کی تحقیقات کی جائے گی، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید نے تیز گام ایکسپریس کے حادثے کو مسافروں کی غلطی قرار دے دیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تیز گام کی تین بوگیاں متاثر ہوئیں۔ لوگ اجتماع پر جا رہے تھے اور مسافروں کے دو سیلنڈر پھٹنے کے باعث بوگیوں میں آگ لگی اور زیادہ ہلاکتیں مسافروں کے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں لہٰذا شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں بلکہ مسافروں کی غلطی ہے کیونکہ مسافروں نے ناشتہ بنانے کے لیے سلینڈر جلایا جس کے بعد چلتی ٹرین میں آگ لگ گئی۔

شیخ رشید نے کہا کہ مسافر ٹرین میں سلینڈر کیسے لے کر پہنچے اس کی تحقیقات کی جائے گی او مسافر چولہے اپنے تھیلے میں رکھ دیتے ہیں اور قانون سے نہیں ڈرتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی سے مسافر سلینڈر لے کر چڑھے تو نوٹس لیں گے۔ چھوٹے اسٹیشنوں پر اسکینر کا نظام موجود نہیں لہٰذا تحقیقات کریں گے کہ مسافر سلینڈر لیکر کون سے اسٹیشن سے چڑھے۔