سعودی عرب اور یو اے ای کا مشترکہ ویزا جاری کرنے کا اعلان

سعودی عرب اور یو اے ای کا مشترکہ ویزا جاری کرنے کا اعلان

یو اے ای کے وزیر معیشت سلطان المنصوری کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور یواے ای نے مل کر ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ اس معاملے پر بہت سارے معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ مزید گفت و شنیدابھی جاری ہے۔مشترکہ ویزا جاری کرنے کا مقصد سعودی عرب اور یواے ای کے شہریوں کو آزادانہ اور آاسانی سے ایک دوسرے کے ملک جانے میں سہولت میسر آئے گی۔
امید کی جارہی ہے کہ نیا مشترکہ ویزا 2020سے شروع ہو جائے گا۔سعودی حکومت نے یہ اقدام کرنے میں پہل کرتے ہوئے یو اے ای سے اس حوالے سے بات کی تھی کیونکہ اس سے ان کا مقصد سیاحت کو فروغ دینااور زیادہ سے زیادہ زرِ مبادلہ کمانا تھا۔وزیر معیشت المنصوری کا کہنا تھا کہ مشترکہ ویزا کا منصوبہ ان چند ترجیحات میں سے ایک ہے جو دونوں حکومتوں کے درمیان زیر بحث ہیں اور جن پر بہت زیادہ حد تک معاملات مکمل ہو چکے ہیں۔

یواے ای اور سعودی عرب کے متعلقہ افسران اس وقت مشترکہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ اس اقدام کے اصول و ضوابط اور دائرہ کار کو وضع کیا جا سکے۔المنصوری کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اقدام کا مقصد دونوں ممالک میں کام کرنے والی نیشنل کمپنیوں کو آسانی اور آزادانہ طریقے سے ایک دوسرے کے ملک میں کام کرنے کی سہولت دینا ہے اس سے دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھے گااور خوشحالی آئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان پروازوںکی تعداد اس وقت بھی مناسب ہے لیکن ہماری خواہش ہے کہ یہ دوگنا ہو جائے تاکہ دونوں ممالک زیادہ سے زیادہ زرِ مبادلہ کما سکیں۔مشترکہ ویزا کا منصوبہ سیاحت کو فروغ دے گا جس سے سرمایہ کاری جیسا کہ ہوٹلنگ اور کھانے پینے کا کام بڑھ جائے گا۔وزیر معیشت کاکہنا تھا کہ سعودی عرب اوریو اے ای کے درمیان جتنے معاہدے ہونے جا رہے ہیں یہ ان میں سے ایک اہم معاہدہ ہے جو سب سے پہلے مکمل ہو گا۔
مستقبل سرمایہ کاری اقدام کے سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے المنصوری کاکہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان معیشت اور سرمایہ کاری کو لے کر بڑے اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں جو کہ وقت کی ضرورت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری سے متعلق اس قسم کے اقدام کا فائدہ محض سعودی اورعرب یا یو اے ای کو نہیں بلکہ پورا خطہ اس کے ثمرات سے مستفیض ہو گا۔