حکومت اپنے بیانات پر پورا نہیں اتر رہی : مولانا عبدالغفور حیدری

حکومت اپنے بیانات پر پورا نہیں اتر رہی : مولانا عبدالغفور حیدری

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل سینیٹر عبد الغفور حیدری نے حکومت کو وارننگ دی ہے کہ کفن باندھ کر آنے والوں کو روکو گے تو اس کا نتیجہ کچھ اور ہوگا۔


جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل سینیٹر عبد الغفور حیدری نے کہا کہ حکومت اپنے ہی بیانات پہ پورا نہیں اتر رہی ،جگہ جگہ راستے بند کر دئیے ہیں،آزادی مارچ کے قافلوں کو جلسہ گاہ پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکیں بند اور انٹرنیٹ بند کر دیا گیا ہے ، ساہیوال میں ہمارے لوگوں پر مقد مات درج کئے ہیں،آزادی مارچ کے راستے میں پٹرول پمپ بند کر دئیے ہیں۔ حکومت کہ رہی ہے پنڈی کے بجائے روات سے سیدھا اسلام آباد داخل ہوں، حکومت کی جانب سے بار بار بیانات بدلے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  جمہوریت کے دعویداروں نے خود سب کچھ بند کر دیا ،جلسے کے اطراف تمام راستے،موبائل نیٹ ورک اور پیٹرول بند کر دیا گیا ہے، ہمار آزادی مارچ پر امن ہے مگر حکومت قافلوں کو مذاحمت کے راستے دکھا رہی ہے،ایسا نہیں ہو سکتا کہ آپ رکاوٹیں بھی پیدا کریں اور بد امنی بھی نہ ہو،اگر کچھ ہوا تو اسکی ذمہ دار حکومت ہو گی،پورے ملک سے چلنے والے قافلوں کی وجہ سے کوئی شیشہ تک نہیں ٹوٹااب ہمیں مذاحمت کیلئے مجبور نہ کریں، عمران خان کابینہ سمیت استعفیٰ دے اوراسمبلیاں تحلیل کردی جائیں ۔