رمضان شوگر ملز کیس،حمزہ شہباز کا بکتر بند گاڑی میں عدالت حاضر ہونے سے انکار

ramzan sugar mills,hamza shahbaz,nab court,armored vehicle
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملزکیس  میں حمزہ شہباز نے بکتر بند گاڑی میں عدالت حاضر ہونے سے انکار کردیا۔


تفصیلات کے مطابق شہبازشریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر مل کیس  میں احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے سماعت کی ۔

اس موقع پر پولیس حکام کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ گاڑی نہیں ہے،حمزہ شہباز نے بکتر بند گاڑی میں آنے سے انکار کر دیا  ہے،جس پر جج امجد نذیر  نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو پیش کرنا آپ کا کام ہے.کیا اس سے قبل ملزم کو  مجھ سے پوچھ کر پیش کرتے ہیں؟۔

عدالت میں موجود پولیس  حکام کی جانب سے جواب دیا گیا کہ ملزم کو پیش کرنے کے لئے کچھ وقت دیں،تاہم حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہ کیا جاسکتا۔بعدازاں عدالت نے حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر جیل حکام سے تحریری وضاحت طلب کرلی اور آئندہ سماعت پر گواہان کو بیان قلمبند کروانے کیلئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بھی ملتوی کر دی۔


خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے شہباز شریف کو حاضری سے استثنی دیا گیا ہے۔ ریفرنس میں نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ شہباز شریف، سلمان و حمزہ شہباز نے سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے اپنی ذاتی ملکیتی شوگر ملز کو فائدہ پہنچایا۔