ن لیگ کا کسی صورت میں بنیادی نصب العین سے پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان

Pakistan, PML(N),Ayaz Sadiq,Shahid khaqan abbasi,Imran khan
کیپشن: فائل فوٹو/مریم نواز

لاہور: مشکلات میں گھری مسلم لیگ ن نے ایک اور بڑا فیصلہ کر لیا۔ اپنے رکن اسمبلی ایاز صادق کے خلاف منفی مہم چلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا کے زیراثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار شکست خوردگی کی علامت ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اعلی سطحی اجلاس جاتی عمرہ لاہور میں ہوا جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سینئر نائب صدر مریم نوازشریف، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناءاللہ خاں، خواجہ سعد رفیق، انجینئر خرم دستگیر ، مریم اورنگزیب، جاوید لطیف، پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطاءاللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی، خارجہ پالیسی کی ناکامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے ہونے والے اہم ترین اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی۔ڈی۔ایم) کے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے کامیاب جلسوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوام پی ڈی ایم کی سیاسی جدوجہد میں جس جوش وجذبے اظہار کر رہے ہیں اور جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرار دیا کہ وضاحت جاری ہونے کے باوجود اس نوعیت کے ہتھکنڈے دراصل عوام کی توجہ مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی، خارجہ پالیسی سمیت ہر محاذ پر بدترین نالائقی و ناکامی اور حکومتی کرپشن کو ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم کے جلسوں کو بھرپور کامیاب بنانے کے لئے عوام اور کارکنان کو فعال کیا جائے گا۔

شرکا نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے جذبے کو بھی سراہا کہ وہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پورے عزم اور جرات سے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے پروگراموں، سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے بھی لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

لیگی رہنماوں کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پی ڈی ایم اور پارٹی کے پلیٹ فارم سے ووٹ چوری کے خلاف اور عوام کے آئینی، قانونی، جمہوری اور معاشی حقوق کے لئے تاریخی کردار ادا کر رہی ہے اور مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت سے اپنا کردار ادا کرے گی اور کسی بھی قیمت پر اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اجلاس میں پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازکو جیل میں قانونی سہولیات نہ دینے کی وزیراعظم کی آئی جی جیل خانہ جات کو دھمکی کی شدید مذمت کی گئی اور قرار دیا کہ فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار بچا نہیں سکتیں۔