زمبابوے کیخلاف دوسرے ایک روزہ میچ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

PAK vs ZEMBABWE, ODI SERIES
کیپشن: فوٹو بشکریہ پی سی بی

راولپنڈی : پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کیخلاف دوسرے ایک روزہ میچ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کیخلاف راولپنڈی میں ہونے والے  دوسرے ایک روزہ میچ کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ حارث سہیل انجری کے باعث دوسرے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے راولپنڈی کے میدان پر زمبابوے کیخلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 

15 رکنی اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم ، امام الحق، عابد علی، فخر زمان، حیدر علی ، کوشدل شاہ ، وکٹ کیپر محمد رضوان، افتخار احمد، عماد وسیم ، عثمان قادر، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، وہاب ریاض اور موسیٰ خان شامل ہیں۔

یاد رہے کہ جمعے کو دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان نے زمبابوے کی 26 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے 71 جبکہ امام الحق نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 281 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کیلئے 282 رنز کا ہدف دیا۔ جوابی اننگز میں زمبابوے کو وکٹ کیپر برینڈن ٹیلر کی شاندار سنچری بھی شکست سے نہ بچا سکی اور پوری مہمان ٹیم 255 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ 

پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی فاسٹ بولنگ لائن اپنے پورے جوبن پر دکھائی دی۔ پاکستانی فاسٹ بولرز نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ جس میں شاہین شاہ آفریدی نے 5 جبکہ وہاب ریاض نے 4 وکٹیں حاصل کیں تھی۔