ایم کیو ایم کا وفاق میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ

ایم کیو ایم کا وفاق میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ
کیپشن: ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ حکومتی بینچوں پر بیٹھے گی، فائل فوٹو

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو کسی کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ حکومتی بینچوں پر بیٹھے گی۔ ہم سب کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں لہٰذا ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ اتنے تجربات کے بعد ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل ہو گی۔ جہانگیر ترین سے ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کو کچھ نہیں چاہیے صرف شہر کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: آشیانہ اقبال سکینڈل، فواد حسن فواد نے شہباز شریف کیخلاف مزید انکشافات کر ڈالے

انہوں نے کہا کہ شہر میں دیرینہ پانی کا مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں کے فور منصوبے کی تکمیل ضروری ہے اس کے علاوہ سیوریج کا بھی مسئلہ ہے۔

ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ تحریک انصاف کا بھی شہر میں مینڈیٹ ہے اور ان کے نمائندوں کے بھی یہی مطالبے ہوں گے۔ یہ اس شہر کا حق ہے اور ہم سب کوشش کریں گے اسے دلوایا جائے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پچھلی مرتبہ اپوزیشن میں بیٹھے تھے لیکن حکومت سازی میں مدد کی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں:  پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ اور کابینہ کیلئے پی ٹی آئی کے نام سامنے آ گئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے لیکن انتخابات میں دھاندلی کا احتجاج عدالتوں اور الیکشن کمیشن کے ذریعے کریں گے جو ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی قومی اسمبلی میں 6 نشستیں ہیں تاہم تحریک انصاف کے لیے وفاق میں حکومت سازی کے لیے اپنے نمبرز مکمل کرنے کے لیے ان کی کافی اہمیت ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں