بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کیلئے ہر وقت تیار ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان بھارتی فوج کے مظالم اور ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ بھارتی فوج نے 19 سے27 سال کے نوجوان کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ شہدا میں حافظ قرآن اور ایم افل اسکالرز بھی ہیں اور بھارتی مظالم نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: دہشت گردوں کو ملک کے لیے خطرہ نہیں بننے دیں گے، خواجہ آصف

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن کوانکوائری کے لیے ہدایات دے۔ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے زخمی افراد کا دنیا کے کسی بھی ملک میں علاج کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہیں لیکن بھارت راہ فرار اختیار کر رہا ہے اور فی الوقت بھارت کے ساتھ کوئی اہم پیشرفت متوقع نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ہم نے دہشت گردوں کو شکست دی اور دنیا اس کو تسلیم کرے، وزیراعظم

اس سے قبل دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جس میں سیکریٹری خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے غیر ملکی سفیروں کوبریف کیا۔ بریفنگ کے آغاز پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو دکھائی گئی جس میں مقبوضہ کشمیر کی خوبصورتی اور بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بے گناہ نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے جبکہ غیرانسانی اور غیر اخلاقی طور پر پیلٹ گنز کا استعمال دیکھنے میں آیا ہے۔  خواتین اور بچوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں