یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی

 یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی
کیپشن: image by facebook

ملتان:سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کی اہم وکٹ گرادی ،پی ٹی آئی کے سرگرم اور ناراض رہنما کیپٹن (ر ) ناصر مہے کے بھائی بریگیڈیئر (ر ) قیصر مہے نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہو ئے سید عبد القادر گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی کی حمایت کا اعلان کردیا ۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) ناصر مہے کو تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا جس پر وہ ناراض تھے اور انہوں نے دو روز قبل پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا مگر گذشتہ روز سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی این اے 154کے امیدوار سید عبد القادرگیلانی اور صوبائی حلقہ 211کے امیدوار سید علی حیدر گیلانی ، بریگیڈیئر (ر ) قیصر مہے کے ڈیرے بوسن روڈ پر پہنچے جہاں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

 پیپلز پارٹی کے علاوہ پی ٹی آئی کے کارکن بھی شامل تھے سید یوسف ضا گیلانی نے کہا کہ قیصر مہے کو ان کے گروپ سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہو نے پر مبارکباد دیتا ہوں اس سے میرے بیٹوں سید عبد القادر گیلانی اور سید علی حیدر گیلانی کی پوزیشن مضبوط ہو گی ۔

مزید پڑھیئے:گالم گلوچ کی  سیاست عمران خان کو مبارک ہو، 25جولائی کو شیر دھاڑے گا‘حمزہ شہباز
 

انہوں نے کہا کہ آج ایسا لگتا ہے کہ عوام ہماری کاوشوں اور قربانیوں کا ہمیں صلہ دے رہے ہیں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی پاسداری اور اداروں کا احترام کیا ہمارے مخالفین میں فیصلہ کرنے کی قوت نہیں ہے جس کی وجہ سے ان کے امیدوار ٹوٹ رہے ہیں پیپلز پارٹی کے منشور میں جنوبی پنجاب صوبہ اور ڈیموں کی تعمیر شامل ہے کیونکہ صوبے کے قیام کے بغیر یہ خطہ ترقی نہیں کرسکتا اور ڈیموں کی تعمیر کے بغیر پانی کا بحران حل نہیں ہو سکتا۔

دیامیر بھاشا ڈیم کے لئے میں نے بطور وزیراعظم تمام وزرائے اعلی کو بلایا اور ان میں اتفاق رائے پیدا کیا اب بھی ڈیم بنانے کی ضرورت ہے خواہ اس کے لئے اربوں روپے کیوں نہ خرچ کرنے پڑیں پیپلز پارٹی ایک خاندان ہے اور بلاول بھٹو نے سب سے پہلے انتخابی منشور دیا ہمارا کام عوام تک جانا ہے ہمیں اپنی جان کی پرواہ نہیں ہے کیونکہ 2013کی طرح اب ہمیں عوام تک جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

وزرارت عظمی کی سیٹ کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے سابقہ حکمران برطانیہ جاکر اس لئے بیان دیتے ہیں کہ ہمارے ملک کا قانون وہاں لاگو نہیں ہو تا لیکن پیپلز پارٹی ہمیشہ اداروں کا احترام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں جائیں گے یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ہمیں اپنی جان کی کوئی پرواہ نہیں ہے انہوں نے بریگیڈیئر (ر ) قیصر مہے اور ان کے پورے گروپ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ 7جولائی کو بلاول بھٹو انتخابی مہم کے سلسلے میں ملتان آرہے ہیں وہ جنو بی پنجاب کے بعد پورے پنجاب کا دورہ بھی کریں گے اور کارکن ان کا والہانہ استقبال کریں گے ۔