فاٹا سے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر (ن) لیگ میں شامل

فاٹا سے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر (ن) لیگ میں شامل

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے اپنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ لانے کے لیے کوششیں تیز کر دیں جب کہ فاٹا کے ایک نومنتخب آزاد سینیٹر نے بھی (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔

سینیٹ انتخابات کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مسلم لیگ (ن) کی بھی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں اس حوالے سے پارٹی قائد میاں نوازشریف کی سربراہی میں مشاورتی اجلاس بھی ہو رہا ہے چوہدری منیر کے گھر پر ہونے والے غیر رسمی مشاورتی اجلاس میں مریم اورنگزیب، مصدق ملک اور دیگر پارٹی رہنما شریک ہیں۔

اجلاس میں دونوں عہدوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے جب کہ اپوزیشن سے رابطوں کے لیے کمیٹی قائم کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

مزید پڑھیںپارٹی نشان چھیننے سے یہ کیا ہمارا نشان مٹا دیں گے، نواز شریف

اس موقع پر فاٹا سے تعلق رکھنے والے نومنتخب آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے نوازشریف سے ملاقات کی اور (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

یاد رہے سینیٹ انتخابات میں 15 نشستیں حاصل کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) ایوان بالا میں سب سے بڑی جماعت بن گئی جس کی مجموعی سیٹوں کی تعداد 33 ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے پاس سینیٹ کی مجموعی نشستیں 20 ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر ہے۔

سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کے پاس 48 نشستیں ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی مجموعی نشستوں کی تعداد 40 ہے۔

یہ بھی پڑھیں:راؤ انوار کی گرفتاری، آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے سے رپورٹس طلب

اس صورتحال میں آزاد امیدوار اہم کردار ادا کریں گے جب کہ مسلم لیگ (ن) کی کوشش ہو گی کہ آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر اپنا چیئرمین سینیٹ لایا جائے۔

عددی اعتبار سے تحریک انصاف کے پاس 12 نشستیں ہیں جس کے بعد وہ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے اور دونوں بڑی جماعتوں سے شدید اختلاف کے بعد پی ٹی آئی کس طرف جائے گی، یہ بہت دلچسپ مرحلہ ہو گا۔

سینیٹ میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور نیشنل پارٹی کے پاس 5،5، جمعیت علما اسلام (ف) کے پاس 4، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی 3، جماعت اسلامی 2، مسلم لیگ فنگشنل ، عوامی نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کی ایک ایک نشست ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں