'کچھ لوگ چاہتے ہیں ان کی مرضی سے پاکستان چلے لیکن ایسا نہیں ہو گا'

'کچھ لوگ چاہتے ہیں ان کی مرضی سے پاکستان چلے لیکن ایسا نہیں ہو گا'

لاہور: ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے وزیراعظم کو جیل بھیجنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ آپ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے کو کتنی بار جیل بھیجو گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرائی جاتی ہیں اور مرضی کی جماعتیں بنا دی جاتی ہیں لیکن ہم بکھرے رہے تو سب ایک، ایک کر کے کھائی میں گر جائیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اداروں کا احترام کرتی ہے اور کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے اور ہم نے مل کر ادارے ٹھیک کیے جبکہ ملک کے اداروں کو ایک دوسرے سے نہیں لڑنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا بکنے والے ارکان اسمبلی کو آئندہ پارٹی ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ

ان کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے اور پاکستان میں یہ سب کچھ پہلی بار نہیں ہو رہا تاہم سیاست کو جتنا دبائیں گے اتنا ابھرے گی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کراچی کا آج بیڑا غرق ہو گیا ہے جبکہ پنجاب دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کر رہا ہے اور ہمیں کام نہیں کرنے دیا۔ کبھی عمران خان نے رخنہ ڈالا اور کبھی ریاستی اداروں کے پیچھے رہ کر کچھ عناصر رخنہ ڈالتے ہیں۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں ان کی مرضی سے پاکستان چلے لیکن ایسا نہیں ہو گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں خیبرپختونخوا سے لوگوں نے اپنے آپ کو بیچا، عمران کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ لوگ نہیں چاہتے فیصلوں کے ذریعے مقبول لیڈر کو نکال دیا جائے جبکہ کس، کس کے منہ بند کریں گے۔ یہ روایت بند کریں اور تبدیلی فیصلوں کے ذریعے نہیں ووٹ کے ذریعے آئے گی اور 2018 کے انتخابات میں (ن) لیگ دو تہائی اکثریت سے واپس آئے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں