ایک ٹویٹ نے 26 لڑکیوں کو اسمگل ہونے سے بچا لیا

ایک ٹویٹ نے 26 لڑکیوں کو اسمگل ہونے سے بچا لیا
کیپشن: image by facebook

نئی دہلی: بھارت میں ایک عقلمند شخص کے ٹویٹ نے 26 لڑکیوں کو اسمگل ہونے سے بچا کر مجرموں کو جیل پہنچا دیا ، بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ادراش شری واستو نامی ایک شخص نے چند پریشان حال لڑکیوں کو دیکھا۔

یہ شخص اتر پردیش میں ایک مسافر ٹرین میں سفر کر رہا تھا جب اس نے اپنی بوگی میں موجود لڑکیوں کو پریشان دیکھا۔ ان میں سے چند لڑکیاں نہایت کمسن تھیں اور کچھ رو بھی رہی تھیں۔

مزید پڑھیئے:برہان وانی کی دوسری برسی سے قبل مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی
 
 
اس مشکل صورتحال میں مسافر نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ساری صورتحال لکھ ڈالی ، اس نے ٹرین اور بوگی نمبر کے ساتھ لکھا کہ بوگی میں موجود لڑکیاں پریشان ہیں اور رو رہی ہیں۔

اس کے ساتھ اس نے اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم مودی، بھارتی وزیر ریلوے، وزیر اعلیٰ اور ریلوے کی انتظامیہ کے اکاؤنٹ کو بھی مینشن کیا ، اس کے بعد اس نے ایک اور ٹویٹ میں اپنے راستے سے بھی آگاہ کیا۔

مسافر کے اس ٹویٹ نے فوراً ہی توجہ حاصل کرلی اور تھوڑی ہی دیر بعد مذکورہ علاقے کے پولیس اسٹیشن الرٹ ہوگئے ، ذرا سی تلاش و تفتیش کے بعد پولیس مدد کے لیے پہنچ گئی اور فوری طور پر لڑکیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

لڑکیوں کو اسمگل کرنے والے دو ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں سے ایک کی عمر 22 جبکہ دوسرے کی 55 سال بتائی جارہی ہے ، واقعے کے بعد مسافر کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا گیا۔ بعض افراد کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو ایسے ہی مثبت انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔