'جمہوریت کو ووٹ دینے کا وقت آئے تو عمران خان پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں'

'جمہوریت کو ووٹ دینے کا وقت آئے تو عمران خان پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں'

اسلام آباد: احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کالی عینک لگا کر جمہوریت پر لیکچر دیتے ہیں لیکن جب ووٹ دینے کا وقت آئے تو پارلیمنٹ سے بھاگ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی 30 سیٹیں تھیں لیکن انہوں نے 44 ووٹ لیے حالانکہ ہارس ٹریڈنگ کا الزام ہم پر لگایا جب کہ تحریک انصاف ہارس ٹریڈنگ کرتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مجھ پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام نہیں ہے اور یہ الزام ان لوگوں پر ہے جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ کی میں نے کسی پر الزام نہیں لگایا بلکہ حقیقت بیان کی ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں کی 6 سیٹیں تھیں وہ 26 ووٹ لیتی ہیں اور جس جماعت کی 30 سیٹیں تھیں وہ 44 ووٹ لیتی ہیں جبکہ میں نے حقیقت بیان کی اور اسی حقیقت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن ہارس ٹریڈنگ کے سخت خلاف ہے، نواز شریف

مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ جن جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی ان کے خلاف ایکشن ہونا چاہیے اور ہارس ٹریڈنگ کی روایت ختم ہونی چاہیے۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ پارلیمنٹ ہے میونسپل کارپوریشن نہیں ، پارلیمنٹ کا کام سڑکیں بنانا اور لائٹیں ٹھیک کرنا نہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شام کے شہریوں پر مظالم، جمعیت علمائے اسلام (ف) کا احتجاج کا اعلان

انہوں نے کہا پارلیمنٹ ہمیشہ بڑے فیصلے کرتی ہے اور اس کے فیصلوں کو من و عن قبول کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے  کہا اپنے کیس پر بات نہیں کروں گا  کیونکہ اداروں کی عزت بڑھانا چاہتے ہیں ، پارلیمنٹ کی توہین پر نوٹس لینے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں