انتخابات میں مبینہ دھاندلی، اپوزیشن آج الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریگی

انتخابات میں مبینہ دھاندلی، اپوزیشن آج الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریگی
کیپشن: اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صرف پر امن احتجاج کیا جائے گا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف شہباز شریف کی قیادت میں متحدہ اپوزیشن آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کرے گی۔

متحدہ اپوزیشن مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے جلسہ عام نہیں ہو گا صرف پر امن احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے باعث ریڈ زون میں سیکورٹی کے سخت انتظامات ہیں، غیر متعلقہ افراد کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ نے این اے 131 میں دوبارہ گنتی کا عمل روک دیا

متحدہ مجلس عمل کے رہنما مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے الائنس نے متفقہ طورپر الیکشن نتائج مسترد کر دیئے ہیں اور الیکشن کمیشن اپنی ناکامی پر مستعفی ہو جائے۔ پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے آج بڑا شو ڈاؤن نہیں ٹوکن احتجاج ہو گا اور پی ٹی آئی مخالف جماعتوں کا اتحاد نہیں ہوا بلکہ صرف دھاندلی کے خلاف مفاہمت ہے۔

الیکشن کمیشن کے سامنے آج ہونیوالے مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہبازشریف کرینگے تاہم دیگر جماعتوں کے رہنما بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں