نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل، ذرائع

نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل، ذرائع
کیپشن: وزارت داخلہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا۔

نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے جب کہ نیب نے انہیں لاہور سے ہی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور طلب کر لیا

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل نیب نے فروری، جون اور جولائی میں نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خطوط لکھے تھے جس پر وزارت داخلہ نے اپنے طے شدہ طریقہ کار اور قانون پر عملدرآمد کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ جن افراد کے خلاف کوئی عدالت فیصلہ دے اور وہ بیرون ملک ہوں تو طے شدہ قانون کے تحت ان کا نام ای سی ایل میں آ جاتا ہے اور اس قانون کے تحت مذکورہ شخص جیسے ہی وطن واپس آتا ہے اسے ائیر پورٹ پر ہی گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز، سپریم کورٹ نے مزید 6 ہفتے کا وقت دیدیا

واضح رہے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان  کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے جس کے بعد نیب نے گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں