'لڑائی کے حق میں نہیں ہوں، سینیٹ الیکشن میں جو ہوا پوری قوم نے دیکھا'

'لڑائی کے حق میں نہیں ہوں، سینیٹ الیکشن میں جو ہوا پوری قوم نے دیکھا'

اسلام آباد: احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ جو کچھ سینیٹ میں ہوا وہ تماشا پوری قوم نے دیکھا۔ میں لڑائی کے حق میں نہیں اور چاہتا ہوں کہ ملک آئین اور قانون کے تحت چلے۔ عمران خان اور آصف زرداری کو سنجرانی ہاؤس کا پتہ کس نے بتایا کیونکہ کہا گیا کہ سب سنجرانی ہاؤس پہنچیں اور وہاں ایک صادق نامی شخص ہے اسے ووٹ دیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف نے ہمیشہ جعلی مینڈیٹ خریدا: نیر حسین بخاری

سابق وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان حکومت کے معاملے پر محمود اچکزئی کے بیان کی انکوائری ہونی چاہیے جن کا کہنا تھا کہ ایک افسر نے بلوچستان حکومت ختم کرائی۔

صحافی نے سوال کیا کہ اعتزاز احسن نے کہا تھا آپ سازش کرنے والے کا نام لیں آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ آپ کو لگتا ہے وہ ساتھ کھڑے ہوں گے جس پر نواز شریف نے کہا کہ ہم بھی دیکھ رہے ہیں اورآپ بھی کہ کیا چل رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: طلال چودھری پر آج توہین عدالت کی فرد جرم عائد ہونے کا امکان

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بہت کچھ دیکھا ہے آدھی زندگی گزر گئی جبکہ اچھے اور برے تجربات دیگر سیاستدانوں کے ساتھ بھی ہوئے ان سے سیکھنا چاہیے۔ ملک و قوم کے لئے جو اچھا ہو اس سے دل خوش ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے سوا جن سیاستدانوں کے مقدمات ہیں ان پر کرپشن اور کِک بیکس کے الزامات ہیں کیونکہ میرا مقدمہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں ایسا کوئی الزام نہیں

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ نظام لے کر آئیں گے جو ملک کی ضرورت ہے اور موجودہ نظام عدل میں اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔ جامع نظام عدل لانے کے لئے کام کر رہے ہیں اور انصاف نہ ملنا یا دیر سے ملنا ملک کا بڑا مسئلہ ہے۔

یاد رہے احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں شریف خاندان کے خلاف کیس کی سماعت آج ہو رہی ہے جبکہ نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دیدی گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں