عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب

عبدالقدوس بزنجو بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب
کیپشن: image by facebook

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی اور 6 جماعتوں کے مشترکہ امیدوار عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر کا انتخاب جیت کر عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں سپیکر کی نامزدگی کے لیے انتخاب کا انعقاد کیا گیا جس میں 60 میں سے 59 اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا,سپیکر راحیلہ درانی کی زیر نگرانی خفیہ رائے شماری کا انعقاد ہوا اور مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔

مزید پڑھیئے:چوہدری پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا حلف اٹھا لیا
 
 
راحیلہ درانی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ عبد القدوس بزنجو نے 39 ووٹ حاصل کیے جبکہ محمد نواز کاکڑ صرف 20 ووٹ حاصل کرسکے۔ سابق اسپیکر نے عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیا جس کے بعد وہ اپنی نئی نشست پر بیٹھ گئے۔

قبل ازیں  راحیلہ درانی نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات کے لیے  بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں دو امیدوار میدان میں تھے۔

بلوچستان اسمبلی کے سپیکرکے لیے بی اے پی اور  6 اتحادی جماعتوں نے میرعبدالقدوس بزنجو کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا تھا جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے تحریک انصاف کے سردار بابرموسیٰ خیل کو منتخب کیا گیا۔

سپیکراور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی دوپہر 1 بجے تک سیکرٹری اسمبلی کے پاس جمع کرائے گئے اور ڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیئے:نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 21 برس بیت گئے
 
 
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد درست قرار دینے والے امیدواروں کے نام اسمبلی سیکرٹریٹ کے نوٹس بورڈ پرآویزاں کیے گئے۔ اسپیکر کے عہدے کے بعد پھر ڈپٹی اسپیکر  منتخب کرنے کے لیے خفیہ رائے شماری کا عمل کیا جائے گا۔