قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی مذمت

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی مذمت
کیپشن: فوٹو بشکریہ اے این پی

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سلامتی وسرحدی سیکیورٹی صورتحال ،کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جائزہ لیتے ہوئے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی سخت مذمت کی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وزیر دفاع و خارجہ خرم دستگیر، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال ، قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ ، حساس اداروں کے سربراہان اور دفتر خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سلامتی و سرحدی سیکیورٹی کی صورتحال ،کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد میں پیش رفت پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی سخت مذمت کی گئی۔ سکیورٹی فورسز پر حملوں کی مذمت اور کرنل سہیل عابد و دیگر اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: فہمیدہ مرزا کا آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ
 وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے فلسطین کے معاملے پر ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت سے متعلق بھی کمیٹی کواعتماد میں لیا۔ اس کے علاوہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)کے حوالے سے دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے سے متعلق اقدامات پر بھی شرکا کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مالی ٹرانزیکشن کے فول پروف نظام کے بارے میں اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم ہاﺅس میں ہی روزہ افطار کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: آصف زرداری نے نگران وزیر اعظم کیلئے فاٹا کے انجنئیر شوکت اللہ کا نام تجویز کر دیا
 خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اس ہفتے میں بلایا جانے والا دوسرا اجلاس تھا۔

   نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں