توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس، آئندہ سماعت پر طلب

توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس، آئندہ سماعت پر طلب

لاہور: چیف جسٹس نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے توقیر شاہ کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ چیف جسٹس نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو آئندہ سماعت پر توقیر شاہ کی بطور ممبر ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن تعیناتی کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات جیتنے پر اسلام آباد ائر پورٹ کا بریفنگ ہال ڈانس کلب بن گیا

دوران سماعت چیف جسٹس نے خواجہ سلمان رفیق سے مکالمہ کیا کہ خواجہ سلمان صاحب نوٹس لینے پر آپ کا رنگ کیوں اڑ گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں کہتے ہیں ہم مداخلت کر رہے ہیں دیکهتے ہیں اس تقرری کا طریقہ کار کتنا شفاف ہے۔

چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ ویسے یہ بتائیں جنیوا کہاں پر ہے۔ اس پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ جنیوا سوئٹزرلینڈ میں ہے اور اچها ملک ہے۔

مزید پڑھیں: راؤ انوار کو 2 مئی تک جوڈیشل ریمانڈپر جیل بھیج دیا گیا

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ سوئٹزرلینڈ وہی ملک ہے نا جہاں لوگ اپنا پیسہ اکٹھا کرتے ہیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ جی آپ بالکل درست کہہ رہے ہیں اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تو بلائیں پھر ڈاکٹر توقیر شاہ کو انہوں نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے بڑے مزے لوٹے ہیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ موجودہ پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیرا علی کون ہے؟ اس پر چیف سیکریٹری نے جواب دیا کہ امداد بوسال وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری اور بہت شریف النفس ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں