عالمی ریکارڈ یافتہ سابق پاکستانی سفیر جمشید مارکر انتقال کرگئے

عالمی ریکارڈ یافتہ سابق پاکستانی سفیر جمشید مارکر انتقال کرگئے
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی:گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر سابق پاکستانی سفیر جمشید مارکر طویل علالت کے بعد 96 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

یہ بھی پڑھیں:این اے 53، عمران خان کی اپیل پر ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری

تفصیلات کے مطابق جمشید مارکر کا انتقال کراچی میں ہوا۔جمشید مارکر کو دنیا میں طویل ترین مدت تک سب سے زیادہ ممالک میں سفیر رہنے کا اعزاز حاصل تھا، جس پر ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا۔خاندانی ذرائع کے مطابق جمشید مارکر کی آخری رسومات پارسی عبادت گاہ محمودآباد میں ادا کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف ای سی ایل میں نہیں تو مجھے کیوں رکھا گیا؟پرویز مشرف
جمشید مارکر نے 1964 میں افریقی ملک گھانا میں بطور سفیر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ 1986 تا 1988 تک امریکا میں پاکستان کے سفیر رہے جبکہ 1994 تک وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی رہے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم بھارتی ریاست اترکھنڈ کے علاقے ڈھیرا دون میں واقع دون اسکول سے حاصل کی اور بعدازاں لاہور میں واقع فورمین کرسچیئن کالج یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم رہے۔جمشید مارکر کو کرکٹ سے بھی خصوصی لگاؤ تھا اور سفارت کاری کے شعبے میں آنے سے قبل وہ عمر قریشی کے ساتھ کرکٹ کے ابتدائی کمنٹیٹر بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما پیپرز کی نئی سنسنی خیز تفصیلات منظر عام پر آ گئیں

انہوں نے پہلی کمنٹری 1954 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان کے موقع پر باغ جناح (لارنس گارڈن) سے کی۔انہیں فرانسیسی، جرمن اور روسی زبان بولنے پر بھی عبور حاصل تھا۔جمشید مارکر نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارت کاری پر مختلف اداروں میں متعدد لیکچرز دیئے جبکہ ان موضوعات پر انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔جمشید مارکر کے سوگواران میں ایک بیٹی اور اہلیہ شامل ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں