فاٹا بل کو اگر منظور نہ کیا جاتا تو اس سے قبائلیوں میں انتشار پھیلتا: عمران خان

فاٹا بل کو اگر منظور نہ کیا جاتا تو اس سے قبائلیوں میں انتشار پھیلتا: عمران خان
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ آج جو بل پاس ہوا وہ ایک بہت بڑا قدم ہے۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فاٹا کے حوالے سے سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس بل سے فاٹا کے عوام کو ترقی کے بھرپور مواقع ملیں گے، فاٹا بل منظور کرکے وہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا گیا ہے، فاٹا بل کو اگر منظور نہ کیا جاتا تو اس سے قبائلیوں میں انتشار پھیلتا، آج حقیقت میں پاکستان کی بہت بڑی جیت ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: فاٹا انضمام کا بل قومی اسمبلی سے منظور کرلیا گیا
 انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے قبائل نے نقل مکانی کی، قبائلی علاقوں میں بڑی قربانیوں کے بعد امن قائم ہوا۔ اس بل سے پہلے فاٹا کے لوگوں کی آواز سننے والا کوئی نہ تھا، فاٹا کا انضمام آسان کام نہیں، فاٹا کا خلا ختم کردیا گیا ہے، فاٹا میں پرانا نظام ختم ہوگیا اور نیا نظام موجود نہیں تھا۔ اگر آج فاٹا سے متعلق یہ فیصلہ نہ کیا جاتا تو ایک بڑا خلا پیدا ہو جاتا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی میں حکومتی عدم موجودگی پر سپیکرنے وقفہ سوالات کو موخر کر دیا
 عمران خان نے کہا کہ قوانین کے نفاذ میں ہمیں جلدی کرنا ہوگی، ہمارا مطالبہ تھا صرف 4 حلقے کھولے جائیں، ہم نے 4 حلقے کھولنے کیلئے دھرنا دیا، سیاسی دھرنا ہمارا حق تھا۔ ایک کمیٹی بنانی چاہئے جو مسائل کو حل کرے، ہم صرف اللہ تعالیٰ کو امپائر مانتے ہیں، میرا ضمیر مطمئن ہے میں نے عوام کے حق کی بات کی۔ ہم عوامی نمائندے ہیں، ہمارا بنیادی کام عوامی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ کبھی ایک رکن نے اسمبلی میں کہا تھا کہ کوئی شرم ہونی چاہئے، وہ آج ایوان میں نہیں۔

    نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں