عام انتخابات کیلئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا

عام انتخابات کیلئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا
کیپشن: اب 25 جولائی کو صبح 8 سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہو گی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے گرمیوں میں ووٹرز کی سہولت کیلئے عام انتخابات کیلئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا۔ اب 25 جولائی کو صبح 8 سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018 کیلئے 25 جولائی کو اب ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔ اعلامئے کے مطابق پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا مقصد ووٹرز کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

یاد رہے پاکستان تحریکِ انصاف نے الیکشن کمیشن سے عام انتخابات 2018ء کیلئے پولنگ کے اوقات میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عدلیہ مخالف ریلی، سابق (ن) لیگی ایم این اے سمیت 4 ملزمان کو سزا

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے۔ پولنگ کے وقت میں توسیع سے عوام بالخصوص بیمار اور بزرگ افراد کو آسانی ہو گی۔ اس لیے عوام الناس کی آسانی کے لئے پولنگ کا وقت شام پانچ سے بڑھا کر رات آٹھ بجے کیا جائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ پولنگ کا وقت بڑھنے سے زیادہ سے زیادہ افراد حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں