اب 16 سال سے کم عمر بچے واٹس ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے

اب 16 سال سے کم عمر بچے واٹس ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے
کیپشن: فوٹو: فائل

لندن: برطانیہ سمیت یورپی یونین میں اب 16 سال سے کم عمر افراد واٹس ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اس سے پہلے واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے عمر کی حد 13 سال تھی لیکن سخت یورپین ڈیٹا پرائیویسی قوانین متعارف کرائے جانے کے بعد یہ حد بڑھا دی گئی ہے۔ واٹس ایپ اب صارفین سے کہے گا کہ وہ نئی پرائیویسی پالیسی کی تصدیق کرتے ہوئے 16 یا اس سے زیادہ عمر ہونے کا اقرار کریں۔

یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واٹس ایپ صارفین سے صرف پرائیویسی ایگریمنٹ پر ہی اقرار کرائے گا یا عمر کی تصدیق کے لیے کوئی کاغذی ثبوت بھی طلب کرے گا۔25 مئی سے نافذ ہونے والی نئی جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کے تحت صارفین کو اس بات کا اختیار ہے کہ کمپنیاں ان کا ڈیٹا کیسے محفوظ اور استعمال کریں۔ جی ڈی پی آر انٹرنیٹ کی ایجاد کے بعد آن لائن پرائیویسی کے حوالے سے سب سے بڑی تبدیلی ہے۔ اب یورپی صارفین کو یہ حق مل گیا ہے کہ کمپنیاں ان کا کونسا ڈیٹا محفوظ کریں اور کونسا ڈیلیٹ کریں۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔۔دنیا کا پہلا 4 ٹی بی اسٹوریج والا فون لینوو زی 5 آئندہ ہفتے متعارف کرایا

2009 میں قائم ہونے والی واٹس ایپ کے جنوری 2018 میں 1.5 ارب صارفین تھے۔یورپی یونین میں واٹس ایپ کے لیے اس سے پہلے بھی کافی مشکلات کھڑی ہو چکی ہیں۔ پچھلے دنوں یورپی حکومتوں نے وٹس ایپ پر اپنی ملکیتی ایپ فیس بک کے ساتھ ڈیٹا شیئرکے منصوبے پر کافی تنقید کی تھی۔



نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں