دبئی سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے 10 عالمی شہروں میں شامل

دبئی سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے 10 عالمی شہروں میں شامل
کیپشن: فوٹو بشکریہ یاہو

برلن: جرمنی کے ڈوئچے بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ میں دنیا کے ایسے 10 شہروں کے نام جاری کردیئے ہیں جو اپنے ملازمین کو سال بھر کے دوران سب سے زیادہ تنخواہیں اور مالی مراعات فراہم کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈوئچے بینک ہر سال مئی میں عالمی نرخ میپ کے نام سے ایک رپورٹ جاری کرتا ہے جس میں مہنگائی، ملازمین کی تنخواہیں، شہریوں کی اوسط آمدن اور ٹیکسوں سمیت دیگر امور پر بحث کی جاتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسے شہر جہاں پر ملازمین کی ماہانہ تنخواہیں کم سے کم 3 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ ہیں سب سے زیادہ مشاہرے دینے والے شہروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ایسے 10 شہروں میں متحدہ عرب امارات کے دبئی کا نام بھی شامل ہے جہاں سرکاری ملازمین کو ماہانہ کم سے کم 3 ہزار 447 ڈالر تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ یوں دبئی لندن، سنگاپور اور فرینکفرٹ جیسے شہروں سے بھی آگے ہے۔ سوئٹرزلینڈ کے شہر زیورخ میں ملازمین کی کم سے ماہانہ تنخواہ 5764 امریکی ڈالر ہے۔ فہرست میں سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والے شہروں میں زیورخ پہلے نمبر پر ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکی ریاست کیلفورنیا کا شہر سان فرانسیسکو ہے جہاں اوسط تنخواہ 4974 امریکی ڈالر ہے۔ نیویارک 4115 امریکی ڈالر تنخواہ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نگران وزیراعلیٰ کیلئے جتنا ہوم ورک ہونا چاہیے تھا نہیں ہو سکا: میاں محمود الرشید
 رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 3914 ڈالر، امریکی شہر بوسٹن میں 3740، ناروے کے شہر اوسلو میں 3664، شکاگو میں 3650، ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں 3462، امارات کے شہر دوبئی میں 3447 اور جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں اوسط تنخواہ 3389 امریکی ڈالر ہے۔

 یہ خبر بھی پڑھیں: حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلے کے باوجود انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن
 

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں