الیکشن کی تاریخ بدل جانے کا خدشہ ہے:شیخ رشید

الیکشن کی تاریخ بدل جانے کا خدشہ ہے:شیخ رشید
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ابھی تو صوبائی حکومتیں ہی نہیں بنیں اور حلقہ بندیاں ہی فائنل نہیں ہوئی تو الیکشن میں جان کیسے پڑسکتی ہے، اگر حلقہ بندیاں روز روز بدلتی رہیں تو خطرہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ ہی نہ بدل جائے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 60 اور 62 سے عمران خان کے اتحاد کیساتھ” قلم دوات“ کے انتخابی نشان پر الیکشن میں حصہ لیں گے جبکہ وہ پہلے این اے 61 میں عمران خان کیلئے ”بلے“کے نشان پر ووٹ مانگیں گے اور بعد میں اپنے لئے ووٹ مانگنے جائیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شہباز شریف کے" بچپنے" والے بیان پر چوہدری نثار نے کرارا جواب دیدیا
 انہوں نے کہا کہ ابھی تک نگران صوبائی حکومتیں ہی نہیں بن سکیں اور حلقہ بندیاں ہی مکمل نہیں ہوسکیں تو ان حالات میں الیکشن میں جان کیسے پڑسکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہر روز حلقہ بندیوں میں ردوبدل ہو رہا ہے جس کی وجہ سے خطرہ ہے الیکشن کی تاریخ بھی تبدیل ہوسکتی ہے، ایک دن ایک حلقے سے ووٹ مانگنے جائیں اور دوسرے دن دوسرے حلقے سے ووٹ مانگنے جائیں تو بڑی نامناسب بات لگتی ہے، الیکشن شیڈول سے پہلے ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی حتمی حلقہ بندیاں ضروری ہیں تاکہ امیدوار اور ووٹر دونوں خراب نہ ہوں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمران خان نے اداکارہ شبنم کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے فاروق بندیال کو پارٹی سے نکال دیا
 شیخ رشید نے کہا کہ ابھی تک تو الیکشن کمیشن کے پاس ووٹر لسٹیں ہی نایاب ہیں اور صرف دو، دو کاپیاں بنائی گئی ہیں جبکہ ایک ایک حلقے میں بائیس، بائیس امیدوار ہیں جنہیں ابھی اپنے حلقے میں ووٹر فہرستیں ہی دستیاب نہیں۔ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال اور بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں انتخابی مہم چلانا کوئی آسان کام نہیں، تاہم جب بھی الیکشن ہوئے انشاءاللہ ہم اس بار ریکارڈ ساز ووٹ لے کر کلین سویپ کریں گے اور راولپنڈی میں حکمران جماعت کو تاریخی شکست سے دوچار کریں گے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں