وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں سے اختلاف، گیری کوہن کا مستعفی ہونے کا اعلان

وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں سے اختلاف، گیری کوہن کا مستعفی ہونے کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک اور دھچکا لگ گیا۔ معاشی امور کے مشیر گیری کوہن نے عالمی تجارتی محصول پر وائٹ ہاؤس کی پالیسیوں سے اختلاف پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ گیری کوہن کے مطابق صدر ٹرمپ کی جارحانہ اقتصادی پالیسیاں امریکا کیلئے خطرناک ہیں جن سے عالمی تجارتی جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے۔

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نےامریکی کمپنیوں کے لیے تجارت ناممکن بنا دی۔ اسٹیل اور ایلومینیم کی درآمد پر ٹیکس منصوبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یورپی ممالک خود جو چاہے کریں امریکا ٹیکس لگائے توغلط کہا جاتاہے۔ یورپ باز نہ آیا تو ان کی گاڑیوں پر بھی ٹیکس لگا دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  یورپی ممالک خود جو چاہے کریں ہم ٹیکس لگائیں تو غلط، ٹرمپ

یاد رہے اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن ہوپ ہِکس نے استعفیٰ دیا تھا۔ وہ دو ہزار سولہ کے انتخابات سے پہلے سے صدر کی قریبی مشیر رہیں۔

گزشتہ ماہ امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے نائب سربراہ انڈریو مک کیب نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد عہدے سے استعفی دے دیا تھا جبکہ ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا تھا کہ مک کیب کے استعفے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کوئی عمل دخل نہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: شام کے شہریوں پر مظالم، جمعیت علمائے اسلام (ف) کا احتجاج کا اعلان

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے تنگ آ کر پاناما میں تعینات امریکی سفیر جان فیلے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں