پی ٹی آئی کا صدر سے غیر ملکی دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا صدر سے غیر ملکی دورہ منسوخ کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ ہم صدر مملکت ممنون حسین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایک دن کے لیے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کردیں تاکہ عمران خان وزارت عظمی کا حلف اٹھا سکیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئےنعیم الحق نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان جلد از جلد حلف اٹھائیں اور الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے تاہم ان کی حکومت کوشش کرے  گی کہ اقتدار میں آ  کر اپوزیشن کے ساتھ مل کر انتخابی اصلاحات کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ انتخابات میں غلطی کی گنجائش کم ہو۔انہوں نے ساتھ ہی قومی اسمبلی کا اجلاس جلد بلانے کا مطالبہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں:نگران وزیراعظم کی قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش

نعیم الحق نے امید ظاہر کی نگراں حکومت کی جانب سے آج شام تک تمام تاریخوں کا تعین باقاعدہ طور پر جاری ہو جائے گا۔دوسری جانب نگراں وزیراعظم نے صدر مملکت سے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو بلانے کی سفارش کردی ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے عمران خان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دھاندلی سے متعلق اپوزیشن جماعتوں کی شکایت پر بھرپور قانونی مدد فراہم کریں گے تاہم حلقے کھلوانا اور دوبارہ گنتی کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ووٹ کی رازداری کا معاملہ، عمران خان کا معافی نامہ مسترد

ایک سوال کے جواب میں انہوں  نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قوائد بہت پرانے ہو چکے ہیں جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے-

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں