الیکشن میں کسی اور ادارے کی مداخلت تسلیم نہیں کریں گے: نواز شریف

الیکشن میں کسی اور ادارے کی مداخلت تسلیم نہیں کریں گے: نواز شریف
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کامینڈیٹ ہے کسی اور کا کام نہیں، الیکشن میں کسی اور ادارے کی مداخلت تسلیم نہیں کریں گے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر نے آئی ایس آئی ڈائریکٹر جنرل فیض حمید کا نام لے کر صفائیاں پیش کی ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ جنرل فیض حمید کے حوالے سے فوجی امور کی بجائے سیاسی امور پر صفائیاں پیش کی جاتی رہیں۔ یہ سچ ہے کہ جنرل فیض حمید اور ان کی ٹیم پوری طرح وفاداریاں تبدیل کروانے میں ملوث ہے۔ ہمارے امیدواروں کو پارٹی چھوڑ کر انھیں جیپ کا نشان دلوانے میں بھی ان کا کردار ہے۔ بہت سے لوگ پارٹی چھوڑنا نہیں چاہتے تھے ان سے زبردستی یہ کام کروایا گیا ہے۔ یہ اس حلف سے انحراف ہے جو جنرل فیض حمید نے اٹھایا ہوا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نواز شریف عوامی طاقت سے وقت کا رخ موڑ سکتے ہیں: مریم نواز
 
  انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اقدامات نے انتخابات کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ الیکشن کمیشن انتخابات کے انتظامات کو اپنے ہاتھوں میں لے کر اپنا آئینی کردار ادا کرے۔ ہماری برداشت کا مزید امتحان نہ لیا جائے، ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس پارٹی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے، کسی پارٹی کے خلاف کچھ کیا جارہا ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں:  کسی جیپ گروپ کا حصہ نہیں، انتخابی نشان جیپ لینے کا فیصلہ خود کیا: چوہدری نثار 
 

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے کیا گناہ کیا ہے؟ پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے اور ہم محب وطن لوگ ہیں، مجھ سے بڑا محب وطن اور کون ہوسکتا ہے؟ میرے اندر پاکستان کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ مسلم لیگ نے پاکستان کو بنایا اور آج اسی پارٹی کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں