مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بلال احمد ورک پی ٹی آئی میں شامل

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی بلال احمد ورک پی ٹی آئی میں شامل
کیپشن: فوٹو فیس بک

 لاہور: شیخوپورہ سے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ سے قومی اسمبلی کے رکن بلال ورل نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان چیئرمین تحریک انصاف سے بنی گالہ میں ملاقات کے بعد کیا ۔

اس موقع پر بلال ورک نے کہا تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایک خاندان نے اپنے اثاثے بنانے کیلئے پنجاب اور ملک کے وسائل بیدردی سے لوٹےہیں۔بلال ورک نے کہا کہ   اپنی چوری بچانے کیلئے پارلیمان کو بے توقیر اور ریاستی اداروں پر یلغار کی گئی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو عملی طور پر غیر متعلق بنا کر رکھ دیا گیا۔بلال ورک نے کہا کہ اداروں کو دھمکانے اور آئین کاحلیہ بگاڑنے کیلئے پارلیمان کو استعمال کرنے کی رسم ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انتشار کی نہیں چوروں کے احتساب کی ضرورت ہے۔ بلال ورک نے مزید کہا کہ عمران خان ملک بھر خصوصاً پنجاب کے عوام کی آواز بن چکے ہیں اور مستقبل انشاءاللہ تحریک انصاف اور پاکستان کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کے 6 قومی اور 2 صوبائی اراکین اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا
 
 ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا بلال ورک کی ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہیں قوم اپنی عدلیہ اور اداروں کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے تیار ہے۔عمران خان نے کہا کہ طاقتور مافیا کے احتساب پر چیف جسٹس اور انکے ساتھی ججز تحسین کے مستحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کے سابق ایم این اے مخدوم احمد عالم انور ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل
  

خیال رہے کہ بلال ورک این اے 136 سے تین بار رکن اسمبلی رہ چکے ہیں ۔مسلم لیگ ق کی حکومت میں وہ پہلی بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔مسلم لیگ ق کے بعد انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی ۔ 2008 اور 2013 کے الیکشن میں انہوں نے واضح برتری کیساتھ جیت حاصل کی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں