(ن) لیگ کے اراکین کا نواز شریف کے بیان سے پیدا ہونیوالی مشکلات کا شکوہ

(ن) لیگ کے اراکین کا نواز شریف کے بیان سے پیدا ہونیوالی مشکلات کا شکوہ
کیپشن: شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات نواز شریف کے سامنے رکھے جائیں گے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران بعض اراکین نے پارٹی قائد نواز شریف کے حالیہ بیان کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا شکوہ کیا جب کہ پارٹی صدر شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے تحفظات نواز شریف کے سامنے رکھے جائیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری حکمراں جماعت کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت پہلی مرتبہ شہباز شریف کر رہے ہیں جس میں 100 سے زائد اراکین موجود ہیں۔

 

مزید تفصیل پڑھیں: نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کی درخواستیں مسترد

وزیراعلیٰ پنجاب اور حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بعض اراکین نے پارٹی قائد نواز شریف کے حالیہ بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا ذکر کیا۔

اراکین کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیان کے بعد پہلے کی طرح ماحول سازگار نہیں رہا الیکشن مہم میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اراکین نے شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ رہنمائی کریں کہ موجودہ حالات میں کس طرح دفاع کریں۔ اس موقع پر شہباز شریف نے اراکین کو یقین دلایا کہ (ن) لیگ کے قائد کے بیان پر ہر فورم پر بات کی جا چکی ہے اس حوالے سے پارٹی پالیسی وضع کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اراکین کے تحفظات نواز شریف کے سامنے رکھیں گے اور (ن) لیگ کی کارکرگی ہی سب سے بڑا دفاع ہے اور آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے۔

اجلاس سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور دیگر منفی ہتھکنڈوں سے ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تاہم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

ذرائع کے مطابق حکمراں جماعت کے صدر شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ متنازع بیان پر اراکین کو اعتماد میں لیں گے جب کہ چیئرمین نیب کی جانب سے جاری نواز شریف کی مبینہ طور پر بھارت رقوم منتقلی سے متعلق جاری کردہ پریس ریلیز کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کی ایم پی اے ارم عظیم فاروقی نے سیاست کو خبر باد کہہ دیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی بھی زیرغور آئے گی جب کہ شہباز شریف 30ویں آئینی ترمیم پر اراکین کو اعتماد میں لیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں